15 نومبر، 2026، 8:48 PM

یمن کی بڑی عسکری پیش قدمی؛سعودی حمایت یافتہ عناصر لحج سے پسپا، 3ہزار کلومیٹر علاقے آزاد

یمن کی بڑی عسکری پیش قدمی؛سعودی حمایت یافتہ عناصر لحج سے پسپا، 3ہزار کلومیٹر علاقے آزاد

یمنی مسلح افواج کے جنگی ابلاغی یونٹ نے صوبۂ لحج اور المضاربہ و راس العارہ کے محاذوں پر یمنی افواج کی سعودی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف پیش قدمی کی تصاویر اور ویڈیو جاری کی ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یمنی مسلح افواج کے جنگی ابلاغی یونٹ نے صوبہ لحج اور المضاربہ و راس العارہ کے محاذوں پر یمنی افواج کی سعودی عرب کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف پیش قدمی کی تصاویر اور ویڈیو جاری کی ہیں۔

یمنی جنگی میڈیا (الاعلام الحربی) کی جانب سے جاری کردہ تصاویر میں سعودی افسر بدر الحربی کی کمان میں موجود سعودی حمایت یافتہ عناصر کو صوبہ لحج کے علاقوں المضاربہ اور العارہ سے نکالتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

اس سے کچھ دیر قبل یمن کے ایک اعلیٰ عسکری ذریعے نے المیادین کو بتایا تھا کہ عمالقہ بریگیڈ اور ’’درع الوطن‘‘ (نیشنل شیلڈ) فورسز کے دسیوں ہزار اہلکاروں کو راس العارہ اور المضاربہ کے وسیع علاقوں سے پسپا کر دیا گیا ہے۔

اس عسکری ذریعے کے مطابق، کئی ہفتوں تک جاری رہنے والی لڑائی کے بعد سعودی افسر بدر الحربی کی کمان میں موجود سعودی حمایت یافتہ فورسز عدن کی جانب فرار ہو گئیں۔ حالیہ جھڑپوں کے دوران ان فورسز کے سینکڑوں اہلکار، جن میں متعدد میدانی کمانڈر بھی شامل ہیں، گرفتار کر لیے گئے۔

ذریعے نے مزید کہا کہ یمنی فوج کی اس اسٹریٹجک فتح سے باب المندب میں جہاز رانی کا تحفظ مضبوط ہوگا اور بحری آمدورفت مزید مستحکم ہوگی۔ یمنی فوج نے 3 ہزار مربع کلومیٹر سے زائد علاقے کو آزاد کرایا ہے، جس میں زیادہ تر پہاڑی سلسلے، اہم اسٹریٹجک جغرافیائی گزرگاہیں، ایک اہم ساحلی پٹی اور ایک ہوائی اڈہ شامل ہیں۔

اس عسکری ذریعے نے وضاحت کی کہ صوبہ لحج میں راس العارہ اور المضاربہ کے وسیع علاقوں کو آزاد کرانے کا فوجی آپریشن باب المندب کو محفوظ بنانے کے مقصد سے انجام دیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ان علاقوں کو آزاد کرانے کا مقصد صوبہ تعز کے علاقوں کا تحفظ بھی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یمنی افواج نے کئی ہفتوں تک جاری رہنے والی اس جنگ میں میزائل یونٹوں، ڈرونز اور فضائی دفاعی نظام کا استعمال کیا۔

عسکری ذریعے نے زور دے کر کہا کہ سعودی عرب کے ہزاروں فضائی حملے بھی اس کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کو تحفظ فراہم نہ کر سکے اور یمنی فوج کی کارروائی کے نتیجے میں انہیں میدان جنگ سے فرار ہونا پڑا۔

News ID 1942883

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha